Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرانس: شدید گرمی سے جنگلات میں آتشزدگی، ۹۰۰؍ ایکڑ اراضی خاکستر

Updated: July 04, 2026, 12:27 PM IST | Paris

ہزاروں افرادبے گھر، قریبی قصبوں اور رہائشی علاقوں سے۳؍ ہزار مقامی افراد اور وہاں موجود سیاحوں کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

Efforts to extinguish forest fires in France. Photo: INN
فرانس میں  جنگلا ت کی آگ بجھانے کی کوشش۔ تصویر: آئی این این
فرانس میں شدید گرمی کی لہر کے باعث مختلف مقامات پر جنگلات میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی ہے۔ جس نے بڑے علاقے کو اپنی زد میں لے لیا ہے، اس آگ کے نتیجے میں ۹۰۰؍ ایکڑ سے زائد اراضی جل کر خاکستر ہو چکی ہے۔ جنگلات میں لگنے والی اس خوفناک آگ کے باعث قریبی قصبوں اور رہائشی علاقوں سے۳؍ ہزار مقامی افراد اور وہاں موجود سیاحوں کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ 
گرمی کی نئی لہر کی پیش گوئی
خبر لکھے جانے تک فائر فائٹرز اور امدادی ٹیمیں بھاری مشینری اور طیاروں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب فرانسیسی محکمۂ موسمیات میٹیو فرانس نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ملک میں گرمی کی ایک نئی لہر آنے کا امکان ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئی لہر کی شدت گزشتہ ماہ جون میں پڑنے والی شدید گرمی جیسی نہیں ہوگی۔ واضح ہو کہ۲۰؍ جون سے جاری شدید گرمی کی لہر نے یورپ کے کئی ممالک کو اپنی زد میں لے رکھا ہے جس کے باعث عجائب گھروں اور تعلیمی اداروں کو بھی قبل از وقت بند کرنا پڑا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق۱۹۱؍ ملین سے زائد افرادجمعہ کو کم از کم۳۵؍ ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ درجۂ حرارت کا سامنا کریں گے۔ جرمنی، جمہوریہ چیک، ہنگری، پولینڈ، سلوواکیا، سربیا، کروشیا، اٹلی، آسٹریا اور مغربی یوکرین شدید گرمی سے زیادہ متاثر ہیں۔ 
 
 
گرمی سے ۲؍ ہزار سے زائد اموات
دوسری جانب فرانس کے وزیر صحت نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں شدید گرمی کی لہر سے ایک ہفتے میں ۲؍ ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانسیسی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کی لہر کے باعث فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد۲۰۲۵؍ ہوگئی لیکن یہ تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ۱۲؍ سال سے زائد عمر کے افراد میں اموات کی شرح زیادہ ہے۔ 
دیگر یورپی ممالک بھی متاثر 
گزشتہ ہفتے گرمی سےفرانس، بلجیم اور نیدرلینڈز میں کم از کم ۳۷۰۰؍ اموات ہوئیں۔ گزشتہ ہفتے شدید گرمی کے باعث بلجیم میں ۱۲۰۰؍ ہلاکتیں ہوئیں جبکہ نیدرلینڈز میں ۴۸۰؍ اموات رپورٹ ہوئیں۔ 
اسی دوران بی ایف ایم ٹی وی نے بتایا کہ فرانس میں شدید گرمی کی مزید ایک لہر آنے کی پیش گوئی پر تقریباً ایک ہزاراے سی سنیچر تک پیرس کے اسپتالوں میں پہنچا دیئےجائیں گے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK